پاکستان: ایل او سی پر فائرنگ، ایک نوجوان شہید، پاک فوج کی جوابی کارروائی، تین بھارتی فوجی ہلاک

راولپنڈی (ربوہ ٹائمز نیوز ڈیسک) لائن آف کنٹرول پر بھارتی افواج نے بلا اشتعال فائرنگ کرتے ہوئےایک نوجوان کو شہید اور نو افراد کو زخمی کردیا، پاکستانی پاک فوج کی جوابی کارروائی سے تین بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی فوج نے ایل او سی سیکٹرز پر سیز فائر کی ایک بار پھر خلاف ورزی کی ہے اور اشتعال انگیزی کرتے ہوئے ایک نوجوان کو شہید اور خواتین و بچوں سمیت9افراد کو شدید زخمی کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی فورسز کی جانب سے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول کے مختلف سیکٹرز پر سیز فائر کی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔

بھارتی فوجیوں نے فائرنگ کرتے ہوئے ایک نوجوان26سالہ نعمان احمد کو شہید کردیا جبکہ خواتین اور بچوں سمیت9افراد شدید زخمی ہوگئے، جنہیں طبی امداد کیلئے مقامی اسپتال منتقل کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) اور شہری آبادی پر جان بوجھ کر فائرنگ کی، بھارتی فوج کی جانب سے دنا، جوڑا، لیپا، شاردا، دھدنیال کی شہری آبادی پر اندھا دھند فائرنگ کی گئی۔

اس کے علاوہ بھارتی فوج نے مارٹر گولوں اور آرٹلری کا بھاری استعمال کیا، پاک فوج کی جانب سے بھی بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا گیا۔

بھرپور جوابی کارروائی میں بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا گیا، جوابی کارروائی سے3بھارتی فوجی ہلاک اور کئی فوجیوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔