اسلام آباد(ربوہ ٹائمز نیوز ڈیسک) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کہا ہے کہ بجلی کمپنیاں صارفین سے ٹرانسفارمر اور دیگر آلات کے لیے رقم مانگنے کی مجاز نہیں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نیپرا نے ایک حکم جاری کرتے ہوئے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو صارفین سے خراب آلات کی مرمت کے لیے رقم مانگنے سے روک دیا ہے۔
نیپرا نے کہا ہے کہ صارفین سے پیسے مانگنا کنزیومر سروس مینول اور نیپرا رولز کی خلاف ورزی ہے۔
نیپرا نے ہدایت کی ہے کہ تقسیم کار کمپنیاں بجلی تقسیم کے خراب آلات کی مرمت یقینی بنائیں اور مرمت کے لیے پیسے طلب کرنے والے افسران اور اہل کاروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
نیپرا نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو ناکارہ ٹرانسفارمرز کی تبدیلی اور مرمت کی بھی ہدایت کی ہے۔
نیپرا کا کہنا تھا کہ تقسیم کار کمپنیاں ناکارہ ٹرانسفارمرز کی تبدیلی اور مرمت میں تاخیر کرتی ہیں، برقی آلات کی بر وقت تبدیلی نہ ہونے سے صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
یاد رہے کہ رواں ماہ نیپرا نے تقسیم کار کمپنیوں سے متعلق ایک رپورٹ میں کہا تھا کہ ان کمپنیوں کی جانب سے مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے لیکن یہ نیپرا کو لوڈ شیڈنگ کے غلط اعداد و شمار فراہم کر رہی ہیں۔
اس رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ ایک سال میں تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی میں بہتری نہیں آئی، مرمتی کاموں کے دوران 152 خطرناک حادثات رپورٹ ہوئے۔