پاکستان: وزیراعظم عمران خان نے روٹی اور نان کی قیمت بڑھنے پر نوٹس لے لیا

اسلام آباد (ربوہ ٹائمز نیوز ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے روٹی اور نان کی قیمت بڑھنے پر نوٹس لے لیا، عمران خان نے نان اور روٹی کی قیمتوں میں اضافے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے روٹی اور نان کی قیمتوں میں اضافے پر برہمی کا اظہار کیا ہے، وزیراعظم نے روٹی کی قیمتوں میں اضافے کی وجوہات جاننے کے لیے اجلاس طلب کرلیا۔

نمائندہ اے آروائی نیوز عبدالقادر کے مطابق خصوصی اجلاس کچھ ہی دیر میں وزیراعظم آفس میں ہوگا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں پیٹرولیم ڈویژن، وزارت غذائی تحفظ اور دیگر وزرا و افسران طلب کرلیا گیا ہے، گیس کی قیمتوں میں اضافے سے تندور پر کتنا اثر پڑا ہے، بریفنگ دی جائے گی، وزیراعظم نے تفصیلات طلب کی ہیں کہ مل مالکان کتنا منافع لے رہے ہیں۔

یاد رہے کہ رواں ماہ 15 جولائی کو کے پی حکومت نے پشاور میں کم وزن روٹی فروخت کرنے والے نان بائیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا تھا جس کے نتیجے میں 50 سے زائد نان بائیوں کو جیل بھیج دیا گیا تھا۔

ترجمان نے بتایا تھا کہ گرفتار کیے جانے والے نان بائیوں کو 15 دن کے لیے جیل بھیج دیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا تھا کہ ڈی سی کے احکامات ہیں جو نان بائی 190 گرام سے کم روٹی فروخت کرے گا وہ جیل جائے گا۔

خیال رہے اس سے قبل قبل پشاور میں ضلعی انتظامیہ نے کم وزن کی روٹی فروخت کرنے والے نان بائیوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں مختلف علاقوں سے 22 نان بائی گرفتار کر لیے تھے۔