مولانا فضل الرحمان سیاست میں مذہبی بنیاد پر انتشار نہ پھیلائیں، شیخ رشید

کراچی (ربوہ ٹائمز نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان سیاست میں مذہبی بنیاد پر انتشار نہ پھیلائیں، آئین میں ترمیم کا سوال ہی پیدا نہیں ہوسکتا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ کراچی سے پشاور تک1800کلومیٹر کا ٹریک بنائیں گے۔

ریلوے میں اس وقت 136ٹرینیں چلا رہے ہیں، ریلوے کی صرف چار ٹرینیں بارش کی وجہ سے متاثر ہیں، ہم نے اپنا ہدف 10ماہ میں ہی پورا کرلیا ہے، سندھ کے ریلوے اسٹیشنز کا دورہ کرنے آیا ہوں، ہم ان کو بہتر کرنا چاہتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان پہلی بار بکھرے ہوئے ہیں، فضل الرحمان سیاست میں مذہبی بنیاد پر انتشار نہ پھیلائیں، مولانا فضل الرحمان شوق سے اسلام آباد آئیں، آئین میں ترمیم کا سوال ہی پیدا نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ملک کی سیاست میں اہم کردار ادا کرنے جارہے ہیں، عمران خان کی سیاست نے بھارتی سیاست کو بھی آؤٹ کردیا ہے۔

اپوزیشن کے حوالے سے گفتگو ککرتے ہہوئے انہوں نے کہا کہ جو کرپشن کی سیاست کرتے ہیں ان کا کوئی مستقبل نہیں دیکھ رہا، اپوزیشن نے جو جھاڑوں پھیرا ہے اس کا انہیں اندازا نہیں ہے۔

پیپلز پارٹی، نواز اور شہباز کی لوٹ مارکی وجہ سےقوم آج یہ دن دیکھ رہی ہے، ان کے کفن میں بھی جیبیں لگی ہیں یہ مرجائیں گے مگر پیسے نہیں دینگے، پپو اور باپو کی پارٹیوں کی وجہ سے ہی غریب آدمی مررہا ہے۔