پاکستان نے بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ کو ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا

اسلام آباد(ربوہ ٹائمز نیوز ڈیسک) پاکستان نے بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ کو ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا.

تفصیلات کے مطابق عمران خان کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کے فیصلوں کی روشنی میں‌ پاکستان نے بھارتی ہائی کمشنر کو واپسی کی ہدایت کر دی۔

دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اپنا ہائی کمشنربھارت نہیں بھیجے گا، بھارتی حکومت کو ان فیصلوں سے آگاہ کردیا گیا ہے.

پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کے ہائی کمشنر معین الحق دلی نہیں جا رہے، جب کہ اجے بساریہ کو رخصت کیا جائے گا.

خیال رہے کہ مذکورہ اجلاس میں بھارت کے ساتھ سفارتی تعلقات محدود کرنے اور دو طرفہ تجارت معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیراعظم کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں مسلح افواج کے سربراہان، انٹیلی جنس حکام اور سول قیادت شریک ہوئی۔

اجلاس میں سول و عسکری قیادت نے کشمیر کی تازہ ترین صورت حال کا تفصیلی جائزہ لیا، پاکستان کے بھرپور رد عمل اور ممکنہ آپشنز پر مشاورت مکمل کر لی گئی، ملکی داخلی سلامتی اور سیکورٹی سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔