مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو سے اشیائے ضروریہ کی شدید قلت

سری نگر(ربوہ ٹائمز) مقبوضہ کشمیر میں پانچویں روز بھی عوام گھروں میں محصور ہیں، مسلسل کرفیو سے مقبوضہ وادی میں اشیائے ضروریہ کی شدید قلت ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں پانچ دن کے دوران سیکڑوں کارکن اور کشمیری رہنماؤں کو گرفتار کیا جاچکا ہے، قابض فوج نے کشمیری عوام کو نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت بھی نہیں دی۔

رپورٹ کے مطابق علی گیلانی، میرواعظ سمیت تمام حریت رہنما گھروں اور جیلوں میں نطر بند ہیں، مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ پانچ روز سے اخبارات بھی شائع نہیں ہوسکے ہیں۔

مقبوضہ علاقے کا بیرونی دنیا سے ہرطرح کا مواصلاتی رابطہ مکمل طور پر منقطع ہوگیا ہے، بچوں کے لیے دودھ، بیماروں کے لیے دوائیں ناپید ہوگئی ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز مقبوضہ کشمیر کے علاقے نور باغ میں بھارتی فوج نے بے گناہ نوجوان کو شہید کردیا تھا جس کے بعد علاقہ مکینوں نے فوج کے خلاف شدید احتجاج کیا تو انہیں منتشر کرنے کے لیے فائرنگ کی گئی تھی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیراعلیٰ عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی سمیت 500 سے زائد بے گناہ کشمیریوں اور رہنماؤں کو مختلف علاقوں سے حراست میں لیا تھا۔

کٹھ پتلی انتظامیہ نے علاقوں میں انٹرنیٹ اور ٹی وی سروس بھی بند کردی جبکہ مقامی یا غیرملکی صحافیوں کو بھی مقبوضہ وادی میں جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔