دنیا سنجیدگی سے بھارتی ایٹمی ہتھیاروں کی حفاظت پرتوجہ دے، وزیراعظم

اسلام آباد (ربوہ ٹائمز نیوز ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ جس طرح جرمنی پر نازیوں نے قبضہ کیا تھا بالکل اسی طرح بھارت پر ہندو برتری کی خواہش مند انتہا پسند اور نسل پرست نظریات سے قائل مودی حکومت قابض ہے۔

تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ دنیا سنجیدگی سے بھارتی ایٹمی ہتھیاروں کی حفاظت پر توجہ دے، بھارتی ایٹمی ہتھیار فاشست مودی کے ہاتھوں میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ مسئلہ صرف خطے کو ہی نہیں پوری دنیا کو متاثرکرے گا، بھارت میں 40 لاکھ مسلمان کیمپوں میں قید ہیں، 40 لاکھ مسلمان اپنی شہریت منسوخ کراچکے ہیں، اب یہ جن بوتل سے باہر آچکا ہے دنیا کونوٹس لینا چاہیے۔


وزیراعظم نے کہا کہ آرایس ایس کےغنڈوں کی نفرت، نسل کشی کی ڈاکٹرائن عروج پر ہے، عالمی برادری ایکشن نہیں لے گی تو آر ایس ایس ڈاکٹرائن پھیلے گی۔


وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بھارت پرفاشسٹ ہندوؤں نے جرمن نازیوں کی طرح قبضہ کرلیا ہے، بھارت فاشسٹ ہندو بالادست نظریے اورقیادت کے قبضے میں ہے۔


انہوں نے کہا کہ اس نظریے سے 90 لاکھ کشمیری2 ہفتے سے محاصرے میں ہیں، کشمیریوں کے محاصرے نے پوری دنیا میں خطرے کی گھنٹیاں بجا دی ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ یواین مبصرین کو مقبوضہ کشمیر بھیجا جانا چاہئے، یہ خطرہ پاکستان تک بڑھ رہا ہے۔


وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں کو بھی اس خطرے کا سامنا ہے، نازی نظریہ اور بی جے پی کے نظریہ کو گوگل پر جا کر پڑھا جاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت سے متعلق آرٹیکل 370 ختم کیے جانے کے بعد سے وزیراعظم عمران خان نے شدید تشویش کا اظہار کیا تھا اور وہ کشمیر کے معاملے پر بین الاقوامی برادری سے مسلسل رابطے میں ہیں۔