چنیوٹ ۔ ڈپٹی کمشنر محمد ریاض اور ڈی پی او سید حسنین حیدر کا چناب نگر چرچ ہائے کا وزٹ ، سیکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کا جائزہ ، تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر محمد ریاض اور ڈی پی او سید حسنین حیدر نے چناب نگر میں چرچ ہائے کا وزٹ کیا ، انہوں نے وہاں کرسمس کے موقع پر سیکیورٹی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور داخلی و خارجی راستوں پر پولیس ملازمین ، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے ملازمین تعیناتی کو چیک کیا.
اس موقع پراسسٹنٹ کمشنر لالیاں فضل عباس ، ڈی ایس پی چناب نگر،ایس ایچ او چناب نگر، سی او چناب نگر اور دیگر افسران بھی موجود تھے ، ڈپٹی کمشنر اورڈی پی او نے متعلقہ افسران کو کرسمس کے موقع پر چرچ ہائے پر تھری لیئر سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی،اس موقع پر جملہ افسران نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چرچ ہائے میں داخل ہونے والوں کی فزیکل و بائیومیٹرک چیکنگ جاری ہے ،انٹری پوائنٹس پر واک تھروگیٹ نصب کیے گئے ہیں ،اہم مقامات پر چھتوں پر مسلح جوان تعینات ہیں.
انکا مزید کہنا تھا کہ تمام وسائل بروئے کار لاکر کرسمس کے موقع پر امن و امان برقرار رکھا جائے گا، جس کے بعد انہوں نے چناب نگر میں لگائے گئے کرسمس سستا بازار کا بھی وزٹ کیا اور اشیاء کی دستیابی ، ریٹس اور کولٹی کو چیک کیا ، انہوں نے وہاں موجود صارفین سے گفتگو کرتے ہوئے سستا بازار سے خریدی گئی اشیاء کا عام مارکیٹ کے مقابلے میں ریٹ کے بارے میں دریافت کیا ، صارفین کی جانب سے تسلی بخش جواب پر انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا ، ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر مسیحی برادری کی سہولت کیلئے چناب نگر میں کرسمس بازار لگایا گیا جس میں ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام رعایتی نرخوں پر اشیاء ضروریہ فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے ۔