ربوہ (نیوز ڈیسک) ضلعی انتظامیہ چنیوٹ نے دریائے چناب میں اونچے درجے کے سیلاب کے خدشے کے پیش نظر شہریوں کو الرٹ کر دیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر پانی کی آمد نو لاکھ کیوسک سے تجاوز کر چکی ہے اور پانی کی سطح میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ پانی کا یہ ریلا اگلے چند گھنٹوں میں دریائے چناب میں ربوہ کی حدود میں داخل ہو جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر صفی اللہ گوندل کی نگرانی میں ضلعی مشینری فیلڈ میں موجود ہے جبکہ دریائی علاقوں میں مقیم افراد کو ان کے سامان سمیت محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ متاثرہ شہریوں کو ٹرانسپورٹ سمیت ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی جانی یا مالی نقصان سے بچنے کے لیے فوری طور پر محفوظ مقامات کا رخ کریں۔
انتظامیہ اور تحصیل کی ٹیمیں عوام کی مدد اور معاونت کے لیے ہر وقت موجود ہیں۔
براہ کرم اپنی اور اپنے پیاروں کی حفاظت کو یقینی بنائیں اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔