ربوہ کے نواحی علاقے احمد نگر میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں سیلابی پانی میں ڈوبنے سے 10 سالہ طالب علم جان کی بازی ہار گیا۔
تفصیلات کے مطابق تیسری جماعت کا طالب علم علی حسن ولد محمد شفیع اپنے ہم عمر بچوں کے ساتھ سیلابی پانی میں کھیل رہا تھا کہ اچانک گہرے پانی میں ڈوب گیا۔ اہلِ علاقہ کی کوششوں کے باوجود ننھا علی حسن زندگی کی بازی ہار گیا۔ اس واقعے پر علاقے میں غم و افسوس کی فضا قائم ہے۔
ضلعی انتظامیہ اور ماہرین کی اپیل
ضلعی انتظامیہ اور مقامی سماجی کارکنان نے والدین اور سرپرستوں سے اپیل کی ہے کہ:
سیلابی پانی اب بھی کئی علاقوں میں موجود ہے، لہٰذا بچوں کو گھروں سے باہر نہ نکلنے دیں۔
گہرے یا تیز بہاؤ والے مقامات پر جانے سے مکمل پرہیز کریں۔
بچوں پر کڑی نظر رکھی جائے تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
شہری بلا ضرورت سیلابی پانی میں داخل نہ ہوں اور محفوظ راستوں کا انتخاب کریں۔
ریسکیو ہیلپ لائن 1122 یا مقامی انتظامیہ کو کسی بھی ہنگامی صورتحال کی فوری اطلاع دیں۔
انتظامیہ نے مزید کہا ہے کہ عوام کے تعاون سے ہی مزید جانوں کو حادثات سے بچایا جا سکتا ہے۔