چنیوٹ میں واقع بابا مالن شاہ کے مزار کے گدی نشین نے دریائے چناب کے رُخ کو موڑنے اور مقامی آبادی کو سیلابی خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے خصوصی کلمات اور دعائیں پڑھیں۔
تفصیلات کے مطابق پیر صاحب ربوہ کے مقام پر دریائے چناب کے کنارے کھڑے ہو کر دریا کی موجوں کے سامنے کھڑے ہوئے اور اہلِ علاقہ کے ہمراہ اجتماعی دعا کی۔ اس موقع پر مریدین اور مقامی افراد کی بڑی تعداد موجود تھی، جو اپنے گھروں اور فصلوں کو ممکنہ نقصان سے بچانے کے لیے اللہ تعالیٰ کے حضور عاجزانہ دعا کرتے رہے۔
عینی شاہدین کے مطابق پیر صاحب نے روایتی انداز میں مخصوص کلمات پڑھ کر دعا کی کہ اللہ تعالیٰ دریائے چناب کے بہاؤ کو نرم کرے اور لوگوں کو اس آفت سے محفوظ رکھے۔ اس موقع پر مقامی افراد نے نعرہ تکبیر بلند کرتے ہوئے ان کا ساتھ دیا۔
عوامی ردعمل اور عقیدت
علاقے کے لوگوں نے گدی نشین کی اس کاوش کو روحانی سہارا قرار دیا۔ کئی افراد کا کہنا تھا کہ جہاں حکومت اور انتظامیہ عملی اقدامات کر رہی ہے، وہیں روحانی بزرگوں کی دعائیں بھی ان کے لیے حوصلہ اور امید کا ذریعہ ہیں۔
انتظامیہ کی اپیل
ضلعی انتظامیہ نے عوام کو یقین دلایا ہے کہ دریائے چناب کے پانی کی سطح مسلسل مانیٹر کی جا رہی ہے اور تمام ضروری حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ تاہم عوام کو بھی احتیاطی تدابیر اپنانے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ریسکیو اداروں کے ساتھ تعاون کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
