چنیوٹ: پولیس نے 8 دن کی مغوی بچی بازیاب کرالی، ملزمہ گرفتار

تھانہ سٹی پولیس نے ڈی ایس پی سرکل سٹی شعیب خان کی سربراہی اور ایس ایچ او سب انسپکٹر کلیم اللہ کی قیادت میں چند گھنٹوں کی انتھک محنت کے بعد ڈی ایچ کیو اسپتال چنیوٹ سے اغوا کی جانے والی 8 دن کی نومولود بچی دعا فاطمہ کو بازیاب کرلیا۔

گزشتہ روز ایک خاتون بچی کو اسپتال سے اٹھا کر لے گئی اور شناخت چھپانے کے لیے اپنا بھیس بدل لیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس حرکت میں آئی اور مقدمہ نمبر 1647/25 بجرم 363 ت پ درج کیا گیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبداللہ احمد نے فوری نوٹس لیتے ہوئے خصوصی ٹیم تشکیل دی جس نے ہیومن ریسورس، جدید ٹیکنالوجی، سی سی ٹی وی فوٹیجز اور سکیچنگ کی مدد سے ملزمہ کو فیصل آباد سے گرفتار کرلیا۔

ابتدائی تفتیش میں ملزمہ فوزیہ زوجہ ظفر قوم مسلم شیخ سکنہ نواب شاہ، سندھ نے اعتراف کیا کہ وہ بچی کو سندھ لے جانے کا ارادہ رکھتی تھی۔

بچی کی بخیریت واپسی پر اہل خانہ نے پولیس ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور پھولوں کے ہار پہنائے۔ ڈی پی او چنیوٹ عبداللہ احمد نے شاندار کارکردگی دکھانے پر ڈی ایس پی شعیب خان، ایس ایچ او کلیم اللہ اور ٹیم کے لیے تعریفی سرٹیفکیٹ اور انعام کا اعلان کیا۔