ٹرمپ اور ایلون مسک کی ملاقات، چارلی کرک کی تقریب میں ہاتھ ملا لیا

نیو یارک (ربوہ ٹائمز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ایلون مسک کئی ماہ کی کشیدگی کے بعد بالآخر ایک ہی اسٹیج پر نظر آئے۔
خبر ایجنسی کے مطابق یہ ملاقات قدامت پسند کارکن چارلی کرک کی میموریل تقریب کے دوران ہوئی، جہاں دونوں نے مصافحہ کیا اور بظاہر دوستانہ گفتگو بھی کی۔
تقریب کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔

دوسری جانب ایلون مسک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس” پر صدر ٹرمپ کے ساتھ لی گئی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا: "یہ چارلی کے لیے ہے۔”
یاد رہے کہ نظریاتی اختلافات کے باعث ٹرمپ انتظامیہ سے علیحدگی کے بعد یہ دونوں رہنماؤں کی پہلی براہِ راست ملاقات تھی۔

سیاسی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس موقع پر سامنے آنے والی تصاویر اور بیانات سے یہ سوال جنم لے رہا ہے کہ کیا واقعی ٹرمپ اور مسک کے درمیان اختلافات اب ختم ہونے جا رہے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ چند ماہ قبل چارلی کرک نے ایک انٹرویو میں پیش گوئی کی تھی کہ صدر ٹرمپ اور ایلون مسک میں بالآخر صلح ہو جائے گی۔