ربوہ کی عوام مہنگائی کے ہاتھوں پریشان، پرائز مجسٹریٹ کی کارکردگی سوالیہ نشان

ربوہ (بیوروچیف) ربوہ کی عوام بدستور بڑھتی ہوئی مہنگائی اور اشیائے خوردونوش کی آسمان کو چھوتی قیمتوں سے سخت پریشان ہیں۔ بازاروں میں سبزی، پھل، دالیں اور گوشت سمیت روزمرہ استعمال کی اشیاء کے نرخ عوام کی پہنچ سے باہر ہو چکے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ سرکاری نرخ نامے صرف کاغذوں تک محدود ہیں، جبکہ دکاندار اپنی من مانی قیمتوں پر اشیاء فروخت کر رہے ہیں۔

پرائز مجسٹریٹ اور ضلعی انتظامیہ کی ناقص کارکردگی کے باعث گراں فروشوں کے حوصلے بلند ہیں۔
ایک مقامی شہری نے شکایت کرتے ہوئے کہا:

“ہر روز قیمتیں بڑھ رہی ہیں، لیکن کسی کو عوام کے دکھ کا احساس نہیں۔ انتظامیہ صرف اخباری بیانات تک محدود ہے۔”

سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق ٹماٹر 145 روپے فی کلو درج ہیں، مگر ربوہ میں یہ 300 روپے سے زائد میں فروخت ہو رہے ہیں۔ اسی طرح 70 روپے والے بینگن 200 روپے سے تجاوز کر چکے ہیں، مگر کوئی کارروائی نظر نہیں آتی۔

شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری مؤثر اقدامات کیے جائیں، بازاروں میں چیکنگ کا نظام مضبوط بنایا جائے، اور ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔