ربوہ بیت المہدی پر حملہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج اور ترجمان پولیس کا بیان

ربوہ (نمائندہ خصوصی) ربوہ کے گول بازار میں واقع احمدیہ عبادت گاہ بیت المہدی پر جمعہ کے وقت دہشت گردوں نے حملہ کر دیا۔
پولیس کے مطابق حملے میں ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ دو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ فائرنگ کے تبادلے میں سیکیورٹی پر مامور چار اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔

پولیس کے مطابق، تین دہشت گردوں نے عبادت گاہ میں داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم سیکیورٹی اہلکاروں نے انہیں روکا۔ جس پر دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کر دی۔ جوابی کارروائی کے دوران ایک حملہ آور موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہوگئے۔

حملے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سیکیورٹی اداروں کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ ڈپٹی کمشنر صفی اللہ گوندل، ڈی پی او عبداللہ احمد سمیت حساس اداروں کے افسران نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔

پولیس کے مطابق، گول بازار اور اس سے ملحقہ علاقوں کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے، جبکہ ضلع بھر کے داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق، زخمی ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں کو فوری طور پر مقامی اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حملے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی موصول ہو گئی ہے، جس میں دہشت گردوں کی نقل و حرکت اور حملے کے مناظر واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں۔
فوٹیج کی مدد سے فرار ہونے والے دونوں دہشت گردوں کی شناخت کے لیے کارروائی جاری ہے۔

چنیوٹ پولیس کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ ربوہ میں واقع بیت المہدی پر ہونے والے اس حملے کی تحقیقات تیزی سے جاری ہیں۔