بیگم کلثوم نواز کو جاتی امرا میں سپردخاک کردیا گیا

لاہور(ربوہ ٹائمز آن لائن)سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ ادا کردی گئی جس کے بعد انہیں جاتی امرا میں سپردخاک کردیا گیا۔

بیگم کلثوم نواز کو نواز شریف کے والد میاں شریف کے پہلو میں سپردخاک کیا گیا۔

شریف میڈیکل سٹی کے فٹبال گراؤنڈ میں معروف عالم دین مولانا طارق جمیل نے بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ پڑھائی اور دعا کی۔

جنازے میں مسلم لیگ (ن) کے راجہ ظفر الحق، رانا ثنااللہ، دانیال عزیز، امیر مقام، اقبال ظفر جھگڑا، مشاہد حسین سید، سابق صدر ممنون حسین، سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، سابق اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا اقبال اور دیگر پارٹی رہنماؤں نے شرکت کی۔

وفاقی حکومت کی طرف سے گورنر پنجاب چوہدری سرور اور اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے جنازے میں شرکت کی جب کہ دیگر جماعتوں میں اسپیکر پنجاب اسمبلی اور (ق) لیگ کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی، (ق) لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین، کامل علی آغا، پشتونخوا میپ کے محمود اچکزئی، ایم کیوایم کے خالدمقبول صدیقی اور فاروق ستار سمیت دیگر بھی جنازے میں شریک ہوئے۔

سیکیورٹی حکام کی جانب سے کارکنان کو روکنے کی کوششیں ناکام ہوگئیں اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنان کی بڑی تعداد جنازہ گاہ پہنچ گئی۔بیگم کلثوم نواز کو شریف خاندان کے آبائی قبرستان میں ان کے سسر میاں محمد شریف کے پہلو میں سپرد خاک کیا گیا ہے جہاں نوازشریف کے بھائی عباس شریف بھی مدفن ہیں۔اس سے قبل بیگم کلثوم نواز کی میت لندن سے لاہور لائی گئی تو ایئرپورٹ پر حمزہ شہباز، سلمان شہباز اور خاندان کے دیگر افراد نے میت وصول کی جس کے بعد اسے شریف میڈیکل سٹی منتقل کیا گیا تھا.