امریکہ کے بغیر سعودی بادشاہ دو ہفتے بھی حکومت نہیں کرسکتا، ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن (ربوہ ٹائمز نیوز ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے بڑے اتحادی سعودی عرب سے الجھتے ہوئے کہا کہ:

سعودی حکومت امریکی حمایت کے بغیر 2 ہفتے سے زیادہ نہیں ٹک سکتی.

تفصیلات کے مطابق:

امریکی ریاست مِسسِسپی کے شہر ساؤتھ ہیون میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب کے بارے میں خلاف مصلحت بیان دیتے ہوئے کہا کہ:

سعودی حکمران شاہ سلمان کو تنبیہ کی تھی کہ اُن کی بادشاہت امریکی فوج کی وجہ سے قائم ہے اور امریکی فوج کی حمایت کے بغیر وہ ’دو ہفتے‘ بھی اقتدار میں نہیں رہ سکتے.

امریکی صدر نے کہا:

سعودی فرمانروا کو بتایا امریکا سعودی عرب کا محافظ ہے اور امریکی فوجی شاہی خاندان کا تحفظ کر رہے ہیں، انہیں فوج کی قیمت ادا کرنی ہوگی.

خیال رہے کہ

امریکی صدر نے ہفتے کو سعودی فرمانرواں سے ٹیلی فون پر گفتگو کی تھی ، جس میں علاقائی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا تھا جبکہ شاہ سلمان کے ساتھ امریکی صدر نے خام تیل کی عالمی منڈیوں میں فراہمی کے تسلسل اور عالمی اقتصادی پیداوار کی شرح پر بھی بات چیت کی۔

گذشتہ ماہ ڈونلڈ ٹرمپ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب میں کہا تھا کہ:

اوپیک ممالک دنیا کو لوٹ رہے ہیں، امریکا تیل کی قیمتوں میں اضافہ برداشت نہیں کرے گا، تیل مہنگا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی جبکہ انٹرنیشنل کرمنل کورٹ کی کوئی حیثیت نہیں ہے.

جولائی 2018 میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ:

سعودی عرب سے تیل کی پیداوار بڑھانے کی درخواست کی ہے تاکہ عالمی منڈی میں تیل کی کمی کو پورا کیا جاسکے.

یاد رہے کہ شہزاد ہ محمد بن سلمان نے ولی عہد کی حیثیت سے امریکا کا پہلا دورہ کیا تھا اور امریکی صدر ٹرمپ نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ اپنی دوستی کو عظیم قرار دیا تھا۔

واضح رہے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منصب سنبھالنے کے بعد اپنا غیر ملکی دوروں کے سلسلے کا آغاز سعودی عرب سے کیا تھا۔