ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرچنیوٹ میڈم طاہرہ سال 2018 کی بہترین آفیسرقرار

ریسکیو ہیڈکوارٹرز میں ضلعی افسران کی سالانہ کانفرنس
ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر رضوان نصیر نے کانفرنس میں پنجاب بھر کے ضلعی افسران کی کارکردگی کا جائزہ لیا
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرچنیوٹ سال 2018کی بہترین آفیسر منتخب کیا گیا
پنجاب ایمرجنسی سروس کے ہیڈکوارٹرز میں پنجاب بھر کے تمام ضلعی افسران کی سالانہ کار کردگی، فٹنس اور اپنے اپنے اضلاع میں حادثات اور ڈزاسٹرز سے نبرد آزما ہونے کی صلاحیت اور منصوبہ بندی کا جائزہ لینے کے لیے کانفرنس منعقد ہوئی جس کی صدارت بانی ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروس ڈاکٹر رضوان نصیر نے کی کانفرنس میں ضلعی افسران نے اپنی اپنی کارکردگی رپورٹ میں ڈائریکٹر جنرل اور سنئیر مینجمنٹ کو اپنے متعلقہ اضلاع میں سروس کی فراہمی، سٹاف کی پیشہ وارانہ صلاحیت اور کام سے لگن کے ساتھ ساتھ اپنے اضلاع میں کیے گئے اقدامات کے متعلق بریف کیا۔ضلعی افسران کی جائزہ رپورٹ میں خصوصی طور پر ریسپانڈ کی گئی میجر ایمرجنسیز،ایمرجنسی وہیکلز کی ہر دم تیاری اور دیکھ بھال /مرمت، سٹاف کی فٹنس، اسٹیشن کی ضرورت کے مطابق صفائی اور تیاری، اپنے اپنے اضلاع میں حادثات سے روک تھام اور بچاؤ کے لیے کیے گئے اقدامات اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی میٹنگ بورڈ میں کئے گئے اہم اقدامات کے ساتھ ساتھ سروس کے بنائے گئے SOPsکی عمل داری کا خصوصی جائزہ لیا گیا۔ ڈی جی ریسکیو کی سربراہی میں تمام ہیڈ آف ونگز نے پنجاب کے 36ڈسٹر کٹ ایمرجنسی آفیسرز کی اوپن پرفارمنس ایولوایشن کا جائزہ لیا۔ کل 36ڈسٹرکٹ آفیسرز میں سے پانچ ٹاپ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرز کو شار ٹ لسٹ کیا گیا جن میں ضلع چنیوٹ، رحیم یار خان، لاہور، اوکاڑہ اور سیالکوٹ شامل ہیں۔ آخر کار غیر معمولی اقدامات اٹھانے والے ڈسٹرکٹ جس میں 60کمیونٹی ایمرجنسی ریسپانس سنٹرز کا قیام، 89فرضی مشقوں کا انعقاد، حادثات کی روک تھام کے لیے اقدامات سمیت ویوار مہربانی کی تعمیر کروانے پر ضلعی ایمرجنسی آفیسر مس طاہرہ خان کو سال 2018کا بہترین ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر منتخب کیا گیا اس موقع پر ڈی جی ریسکیو پنجاب تمام ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرز اور ہیڈ آف ونگز نے انہیں خراج تحسین پیش کیااورانہیں بہترین کارکردگی پر انہیں سلیوٹ بھی پیش کیا۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی ریسکیو پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر نے تمام ضلعی افسران کو عوام الناس کو بروقت، معیاری ریسکیو سروس فراہم کرنے پر زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو ایمرجنسی کی صورت میں بلا امتیاز رنگ و نسل بروقت سروس کی فراہمی کے معیار کوبرقرار رکھا جائے۔ انہوں نے پیشنٹ ٹرانسفر سروس کے ذریعے 5لاکھ سے زائد انتہائی علیل مریضوں کو بہتر طبعی سہولیا ت کی فراہمی کے لیے بڑے ہسپتالوں میں بروقت منتقل کرنے کے ساتھ ساتھ موٹر بائیک ایمبولینس سروس کے ذریعے تین لاکھ سے زائد ایمرجنسیز پر ریسکیو سروس فراہم کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بلا شبہ موٹر بائیک ایمبو لینس سروس نے ریسپانس ٹائم میں ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے اور یہ بہترین کامیاب ماڈل ہے۔ ڈی جی ریسکیو پنجاب نے تمام ضلعی افسران کو اس بات کی تاکید کی کہ معیاری سروس کی فراہمی پر کسی صورت بھی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔انہوں نے 1192 ریسکیو لاسٹ ہیلپ لائن پر رجسٹریشن کو یقینی بنانے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتالوں میں موجود عملہ اور فرسٹ ریسپانڈر غیرشناخت شدہ افراد کے ڈیٹا کو ڈیش بورڈ پر فورا اپ دیٹ کریں تاکہ اس سروس کے ذریعے لوگوں کو انکے گھر والوں سے ملایا جا سکے۔
ڈی جی ریسکیو پنجاب نے تمام ضلعی افسران کو عید الفطر کے ایمرجنسی پلان و حقیقی معنوں میں بروئے کار لانے کی سختی سے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ عیدالفطر کے مبارک موقع پر تمام ریسکیورز بہترین پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور عمدہ اخلاقی روایات کا مظاہرہ کرتے ہوئے بلا امتیاز رنگ ونسل معیاری سروس کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔کانفرنس کے اختتام پر ڈی جی ریسکیو پنجاب نے تمام ضلعی افسران، پنجاب بھر کے ریسکیورز اور تمام لوگوں کیلئے خوبصورت اور محفوظ عید کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔