ڈی پی او چنیوٹ کی انجمن تاجران کے وفد سے میٹنگ

چنیوٹ(ربوہ ٹائمز) ڈی پی او چنیوٹ سید حسنین حیدر نے اپنے دفتر میں انجمن تاجران کے وفد سے میٹنگ کی۔انجمن تاجران کے وفد میں صدر انجمن تاجران محمد جمیل فخری و دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔وفد نے ڈی پی او کو چنیوٹ تعیناتی پر مبارکباد دی اور پھولوں کے گلدستے پیش کیے۔میٹنگ میں شہر میں امن و امان کی صورتحال اور شہر کے دیگر مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈی پی او نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاجروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔شہر میں امن و امان کے قیام اور لوگوں کی جان و مال کی حفاظت کیلئے تمام ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جارہا ہے۔کسی کو بھی شہر کا امن تباہ کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائیگی۔تاجروں کے وفد نے امن و امان کے قیام اور شہر کے مسائل حل کرنے کیلئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔