واشنگٹن (ربوہ ٹائمز) وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری کا کہنا ہے کہ پاک امریکا مشترکہ تعاون سے انسانی ترقی کے مواقع پیدا ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری اور ایوانکا ٹرمپ کے درمیان ملاقات میں پاکستان اورامریکا کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون پراتفاق کیا گیا۔
زلفی بخاری اور ایوانکا ٹرمیپ کے درمیان ملاقات میں روزگار کی فراہمی، تکنیکی تربیت، معاشی ترقی کے منصوبوں اور نوجوانوں کے لیے کاروباری مواقع کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایوانکا ٹرمپ نے خواتین کی فلاح و بہبود پرپاکستان میں منصوبے شروع کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستانی خواتین کو با اختیار بنانے میں دلچسپی پر شکرگزار ہیں، پاک امریکا مشترکہ تعاون سے انسانی ترقی کے مواقع پیدا ہوں گے۔
زلفی بخاری نے کہا کہ مرد و خواتین کو آگے بڑھنے کے یکساں مواقع مل سکیں گے، پاک امریکا تعلقات درست سمت میں بڑھنا شروع ہو گئے ہیں۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی محاذ پرمزید کامیابیاں ملیں گی۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کے ثمرات آنا شروع ہوگئے، امریکا نے پاکستان کے ایف 16طیاروں کے لیے تکنیکی اور لاجسٹک سپورٹ کا اعلان کردیا۔