چنیوٹ:حکومت پنجاب کی ہدائیت کے مطابق بے نامی اور مشتبہ جائیدادوں کو تلاش کیا جائے، ڈی سی چنیوٹ

چناب نگر (غدیر احمد بھٹی سے) ڈپٹی کمشنر سید امان انور قدوائی نے کہا ہے کہ حکومت کی ہدایت کے مطابق بے نامی اور مشتبہ جائیدادوں کو تلاش کیا جائے تاکہ ان جائیدادوں کے پیچھے چھپے ہوئے زراءع آمدن کا کھوج لگایا جا سکے ،متعلقہ محکمے ترجیحی بنیادوں پر اس کام کو تیز کریں تاکہ اسکی ہفتہ وار رپورٹ حکومت کو بھجوائی جا سکے، انہوں نے ان خیالات کا اظہار اپنے آفس میں بے نامی جائیدادوں کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ، اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو طارق خان نیازی ، اسسٹنٹ کمشنرز خضر حیات بھٹی ، عدنان رشید ، فضل عباس کے علاوہ تحصیل دارز اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرز لینڈ ریکارڈ سنٹر و دیگر بھی موجود تھے ،ڈپٹی کمشنر سید امان انور قدوائی نے مزید کہا کہ ریونیو ڈیپارٹمنٹ بے نامی جائیدادوں کو تلاش کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے ، ریونیو افسران اور پٹواری اپنے اپنے علاقوں کے ریکارڈ چیک کریں اور ایسی تمام جائیدادیں جو مشکوک یا مشتبہ ہوں ان کی فوری رپورٹ دیں ، انہوں نے مزید کہا کہ یہ ذمہ داری انتہائی سنجیدگی سے پوری کی جائے کیونکہ حکومت ایسے تمام افراد کا محاسبہ کرنا چاہتی ہے جو غیر قانونی طریقے سے جائیدادیں بنا رہے ہیں آخر میں انہوں نے کہا کہ بے نامی جائیدادوں کی نشاندہی کے لئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے اور اس ضمن میں متعلقہ محکموں کے افسران متحرک کردار ادا کریں اور سرٹیفکیٹ بھجوائیں ، نشاندہی نہ کی جانے والی بے نامی جائیداد کا بعد میں پتہ چلنے پر متعلقہ افسر کے خلاف بے نامی قانون کے تحت کاروائی عمل میں لائی جائے گی.