چنیوٹ (ربوہ ٹائمز) ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو1122 ڈاکٹر رضوان نصیر کی ہدایت پر پنجاب بھر کی طرح چنیوٹ میں بھی ابتدائی طبی امداد کا عالمی دن "ہر گھر میں تربیت یافتہ فرسٹ ایڈر” پرواگرام کے تحت منایا گیا جس کا مقصد فرسٹ ایڈکی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا کیونکہ کسی گھر میں صرف تربیت یافتہ فرسٹ ایڈر کی موجودگی سے ہی کسی بھی ناگہانی صورتحال میں بہتر طریقے سے نبردآزما ہوا جاسکتا ہے۔ اس سلسلہ میں چنیوٹ میں ریسکیو 1122 کی طرف سے آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا جس میں اسسٹنٹ کمشنر چنیوٹ خضر حیات بھٹی، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر میڈم طاہرہ خان، ڈسٹرکٹ سوشل ویلفئیر آفیسر میڈم فرخ رضوان، پریزیڈنٹ پنجاب پروفیسرز اینڈ لیکچرارز ایسوسیشن سید منور عباس، سماجی شخصیات، کمیونٹی ایمرجنسی ریسپانس ٹیمز کے ریسکیو رضاکار، اور ریسکیورز نے شرکت کی۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر میڈم طاہرہ خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو1122 ڈاکٹر رضوان نصیر کی خصوصی ہدایت پر "ہر گھر میں تربیت یافتہ فرسٹ ایڈر” پروگرام کا آغاز 2019میں ضلع بھر میں کر دیا گیا تھا تاکہ ہر گھر میں فرسٹ ایڈر کو تربیت فراہم کر کے اس کو کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نبرد آزما ہونے کے قابل بنایا جاسکے تاکہ تربیت یافتہ فرسٹ ایڈر کے ذریعے قیمتی انسانی جانوں کو بروقت طبی امداد سے بچایا جا سکے۔ میڈم طاہرہ خان نے میڈیا نمائندگان کو فرسٹ ایڈ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے بتایا کہ کسی بھی حادثے کے وقت قریب موجود لوگوں کا کردار انتہائی بنیادی اور کلیدی ہو تا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر فرسٹ ریسپانڈر مریض کو بہتر طریقے سے فرسٹ ایڈ فراہم کردیں تو زندگی بچنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں اور لاپرواہی کی صورت میں اموات کا تناسب زیادہ ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اب تک ریسکیو 1122کمیونٹی ٹریننگ پروگرام کے تحت 23000 ریسکیو رضا کار کو فرسٹ ایڈکی تربیت فراہم کرچکا ہے جبکہ پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 کے ضلع چنیوٹ میں آغاز سے اب تک85 ہزار سے زائد ایمرجنسی متاثرین کو فرسٹ ایڈ فراہم کی گئی۔
اس موقع پر ڈپٹی اسسٹنٹ کمشنر چنیوٹ خضر حیات بھٹی نےریسکیو 1122 کے پروگرام "ہر گھر میں تربیت یافتہ فرسٹ ایڈر” کے تحت 23000 افراد کو فرسٹ ایڈر کی تربیت مطلوبہ وقت سے پہلے مکمل کرنے پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر میڈم طاہرہ خان کو مبارکباد دی۔ انکا کہنا تھا فرسٹ ایڈ پر تربیت یافتہ افراد ہی موثر کردار ادا کرتے ہوئے معزوری اور شرح اموات میں خاطر خواہ کمی لاسکتے ہیں۔ انہوں نے شہریوں کو کہا کہ زیادہ سے زیادہ لوگ فرسٹ ایڈر بنیں اور اپنے علاقوں میں زمہ دار شہری کا کردار ادا کریں۔
بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر چنیوٹ خضر حیات بھٹی اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر میڈم طاہرہ خان نے آگاہی واک کی قیادت بھی کی جو ریسکیو آفس سے شروع ہوئی اور ختم نبوت چوک میں اختتام پذیر ہو گئی۔واک کے شرکاء نے فرسٹ ایڈ کی اہمیت اورضرورت پر مبنی پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جس پر فرسٹ ایڈ کے متعلق پیغام موجود تھے۔