چنیوٹ (ویب ڈیسک) ڈویژنل کمشنر عشرت علی اور آر پی او راجہ رفعت مختارنے سمارٹ لاک ڈاؤن کے حوالے سے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ضلع چنیوٹ اور جھنگ کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ڈپٹی کمشنر چنیوٹ محمد ریاض اور ڈی پی او سید حسنین حیدر اور ضلعی انتظامیہ کے افسران نے کمشنر اور آر پی او کو انسداد کورونا اقدامات اور دفعہ 144 پر عملدرآمد کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔کمشنر اور آر پی او نے سمارٹ لاک ڈاؤن کے حوالے سے جاری شدہ ایس او پیزپر عملدرآمد کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ سمارٹ لاک ڈاؤن کے حوالے سے حکومت پنجاب کی طرف سے جاری کردہ ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کرایا جائے اور خلاف ورزی کی صورت میں بلاتفریق کارروائی عمل میں لائی جائے۔علاوہ ازیں انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ ایمرجنسی کے علاوہ بچوں اور بزرگوں کو لے کر گھروں سے باہر مت نکلیں اور کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے سماجی فاصلہ اختیار کرنے کے ساتھ ساتھ فیس ماسک کا استعمال یقینی بنائیں۔انہوں نے حفاظتی تدابیر پر عمل نہ کرنے کی صورت میں متوقع نقصانات کی سنگینی سے بھی آگاہ کیا۔