لاہور(ویب ڈیسک) لاہور ائیرپورٹ کے مرکزی رن وے کو ڈیڑھ سال کیلئے بندکر نے کا اعلان، ملک کے تیسرے بڑے ائیرپورٹ کے رن وے کی حالت خراب ہو چکی، نئے سرے سے تعمیر کیا جائے گا، اس دوران پروازوں کی آمد و رفت کیلئے سیکنڈری رن وے کو استعمال میں لایا جائے گا۔نجی ٹی وی کے مطابق لاہور میں واقع پاکستان کے تیسرے بڑے اور مصروف ترین علامہ اقبال ائیرپورٹ کے مرکزی رن کو فضائی ٹریفک کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ ائیرپورٹ کا مرکزی رن وے ڈیڑھ سال کے عرصے کیلئے بند کر دیا گیا ہے۔ ائیرپورٹ حکام کا بتانا ہے کہ مرکزی رن وے کی حالت کافی خراب ہو چکی ہے جس کی وجہ سے اسے نئے سرے سے تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مرکزی رن وے کو اکھاڑ کر نئے سرے سے تعمیر کرنے کیلئے کافی وقت درکار ہوگا، اسی لیے اسے ڈیڑھ سال کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس دوران لاہور ائیرپورٹ پر پروازوں کی آمد و رفت کیلئے سیکنڈری ائیرپورٹ کا استعمال کیا جائے گا۔بتایا گیا ہے کہ رن وے کو 4 اگست سے بند کیا جا چکا ہے ۔ واضح رہے کہ لاہور کا نیا علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ ملک کا جدید ترین ائیرپورٹ مانا جاتا ہے۔ نئے اسلام آباد ائیرپورٹ کی تعمیر سے قبل لاہور کا ائیرپورٹ ملک کا دوسرا بڑا ائیرپورٹ تھا تاہم وفاقی دارالحکومت میں دنیا کے جدید ترین ائیرپورٹ کی تعمیر کے بعد کراچی کا قائد اعظم انٹرنیشنل ائیرپورٹ ملک کا دوسرا بڑا ائیرپورٹ قرار پایا اور علامہ اقبال ائیرپورٹ دوسرے سے تیسرے نمبر پر چلا گیا۔