آپ کو کورونا وائرس ہے یا نہیں؟ بتانے والا روبوٹ آگیا

تائپی(ویب ڈیسک) کورونا وائرس کے متعلق جس قدر تیزی سے تحقیقات ہو رہی ہیں، شاید ہی تاریخ میں کسی بیماری پر اس برق رفتاری سے کام ہوا ہو۔ اسی کا نتیجہ ہے کہ اب کورونا وائرس کے ٹیسٹ کرنے کے لیے ایک روبوٹ بھی تیار کر لیا گیا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق یہ روبوٹ انسان ڈاکٹروں کی نسبت 10منٹ جلد لوگوں کے ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ٹیسٹ کرنے کے لیے یہ روبوٹ چہرے کی پہچان اور تھری ڈی امیجنگ کی ٹیکنالوجیز کو بروئے کار لاتا ہے۔رپورٹ کے مطابق یہ روبوٹ خود ہی مریضوں کے جسم سے سیمپل حاصل کرتا، اسے محفوظ کرتا اور پھر اس کا ٹیسٹ کرتا ہے۔ یہ روبوٹ نمونہ لوگوں کی ناک سے حاصل کرتا ہے۔ یہ ایک سلائی ناک میں ڈالتا اور اسے 10سیکنڈ تک گھماتا ہے اور پھر اس نمونے کو محفوظ کر لیتا ہے۔ اس روبوٹ کو تائیوان کی برین نیوی نامی کمپنی نے تیار کیا ہے۔ کمپنی نے اسے اپنے ملازمین پر ٹیسٹ بھی کیا ہے اور یہ تجربات انتہائی کامیاب رہے ہیں۔کمپنی نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ روبوٹ صرف 5منٹ میں ایک ٹیسٹ مکمل کر لیتا ہے حالانکہ انسان طبی عملہ یہ کام 15منٹ میں کرتا ہے۔