خواتین کے عالمی دن کے موقع پرچنیوٹ میں سیمینارکا انعقاد کیا گیا

چنیوٹ (ویب ڈیسک) محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال کے زیر اہتمام خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ادارہ ڈسٹرکٹ انڈسٹریل ہوم (صنعت زار) چنیوٹ میں سیمینارکا انعقاد کیا گیا. جس میں بطور مہمان خصوصی اسسٹنٹ کمشنر چنیوٹ غزالہ کنول نے شرکت کی . ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال شہباز خان ، میڈم عائشہ ،ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر چنیوٹ ریاض حسین و دیگر بھی موجود تھے . اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر غزالہ کنول نے وہاں مختلف کورس کرنے والی خواتین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کی عورت کسی شعبہ میں مرد سے پیچھے نہیں ہے اور ملکی ترقی میں خواتین کا نہایت اہم کردار ہے. انہوں نے مزید کہا کہ ملکی ترقی ، معاشی استحکام اور اقتصادی خوشحالی کیلئے خواتین کو پہلے سے بڑھ کر میدان عمل میں آنا ہو گا . موجودہ حکومت خواتین کو جائے ملازمت سمیت ہر مقام پر بھرپور تحفظ کی فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے. بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر نے صنعت زار میں کورس کرنے والی خواتین کی جانب سے بنائے گئے ماڈلز اور کی گئی دستکاری کے کام اور دارلامان میں رہنے والی خواتین اور انکے بچوں کو دی جانے والی سہولیات و دیگر انتظامات کا بھی جائزہ لیا.