فرینک کیپریو، انسان دوست جج انتقال کرگئے.

واشنگٹن(ربوہ ٹائمز) پرووڈنس، روڈ آئی لینڈ: دنیا کے مہربان ترین جج کہلانے والے فرینک کیپریو 88 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ وہ کچھ عرصے سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھے۔

کیپریو 24 نومبر 1936 کو پرووڈنس میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے پرووڈنس کالج سے تعلیم حاصل کی اور بعد ازاں سافک یونیورسٹی سے قانون کی ڈگری لی۔ 1985 میں وہ پرووڈنس میونسپل کورٹ کے چیف جج بنے اور 2023 تک اس عہدے پر خدمات انجام دیتے رہے۔

فرینک کیپریو اپنے نرم دل اور انسانیت سے بھرپور فیصلوں کی وجہ سے عالمی شہرت رکھتے تھے۔ ان کا ٹی وی شو "Caught in Providence” سوشل میڈیا پر وائرل ہوا جس میں وہ عام شہریوں کے مقدمات کو قانون اور رحم دلی دونوں کے ساتھ حل کرتے تھے۔ اسی وجہ سے انہیں "America’s Nicest Judge” کہا جاتا تھا۔

پاکستان میں بھی ان کے فیصلے بڑے احترام سے دیکھے گئے۔ ایک موقع پر جب پشاور سے تعلق رکھنے والے جوڑے نے عدالت میں انہیں روایتی پکول (پشاور کی ٹوپی) پیش کیا تو جج صاحب احتراماً اپنی کرسی سے اٹھ کھڑے ہوئے۔ یہ منظر دنیا بھر میں وائرل ہوا اور ان کے انسان دوست رویے کی ایک اور مثال بن گیا۔

تاریخ نے فیصلہ سنا دیا ہے کہ اصل انصاف وہ ہے جس میں انسانیت کی خوشبو شامل ہو۔ فرینک کیپریو کے انتقال کے بعد دنیا بھر میں ان کے چاہنے والے سوگوار ہیں اور انہیں سنہری الفاظ میں یاد کر رہے ہیں۔