ربوہ: دریائے چناب میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ہیڈ قادرآباد کے مقام پر پانی کی آمد ایک لاکھ 20 ہزار 854 کیوسک جبکہ اخراج ایک لاکھ 3 ہزار 854 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
وادی عزیز شریف چناب نگرکے مقام پر بھی پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر دریا سے ملحقہ دیہاتوں کی مساجد میں اعلانات کیے جا رہے ہیں تاکہ دیہاتی بروقت حفاظتی اقدامات کر سکیں۔
انتظامیہ کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ دریا کے قریب رہائش پذیر دیہاتی اپنے مال مویشی اور دیگر قیمتی سامان محفوظ مقامات پر منتقل کریں۔
ڈپٹی کمشنر صفی اللہ گوندل کے مطابق ڈی سی آفس میں کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے، جہاں سے دریائے چناب میں پانی کی آمد اور صورتحال کو مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے۔